غزل - اب کے بھی نہ محروم اجالوں سے ہوئے ہم

جمعرات, جون 25, 2009 عرفان وحید 0 Comments

اے برق مرے حال پہ کھا کچھ تو ترس بھی

پھر مجھ کو نشیمن سا لگے کنجِ قفس بھی



کیا خوب ہے جلادوں کا مقتل میں وطیرہ

خنجر بھی چلاتے ہیں پہ کھاتے ہیں ترس بھی



کافی ہیں مجھے غم کے خزانے جو ملے ہیں

بیدادِ ستم اہلِ ستم اب تو ہو بس بھی



اے غم کی گھٹا خشک ہوئے آنکھوں کے دریا

پیاسی ہے زمیں دل کی ذرا کھل کے برس بھی



لاشہ مرے احساس کا صدیوں سے پڑا ہے

پھر بھیج خدا وند کوئی عیسٰی نفس بھی



موہوم نہ ہو جائے مری منزلِ مقصود

شامل جو تمنا میں ہوا رنگِ ہوس بھی



کس واسطے کہیے نہ انہیں زیست کا حاصل

مہکائے ترے ساتھ جو دو چار نفس بھی



اب کے بھی نہ محروم اجالوں سے ہوئے ہم

"جلتے رہے برسات میں گھر اب کے برس بھی"



عرفاؔں وہ مسافر کبھی منزل نہیں پاتے

بیدار جنہیں کر نہ سکے شورِ جرس بھی

۱۹۹۹

شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں

0 comments:

تبصرہ کیجیے