غزل - ہم ضبطِ غم کے سانچے میں ڈھالے ہوئے تو ہیں

بدھ, جولائی 28, 2010 عرفان وحید 0 Comments

ہم ضبطِ غم کے سانچے میں ڈھالے ہوئے تو ہیں

مژگاں پہ اپنے اشک سنبھالے ہوئے تو ہیں


آلامِ روزگار بھی ہر چند کم نہیں

لیکن خیالِ یار کو ٹالے ہوئے تو ہیں



شاید نشانِ منزلِ مقصود مل گیا

اس کے گواہ پاؤں کے چھالے ہوئے تو ہیں



یہ بات الگ کہ دل سے اندھیرے نہ جا سکے

علم و ہنر سے ہر سو اجالے ہوئے تو ہیں



اب ٹھوکروں پہ رکھ لے جو دنیا تو غم نہیں

دستاروسر تمہارے حوالے ہوئے تو ہیں



عرفاں امید نخلِ تمنا ہو اب ہرا

اب کی بہار زخمِ دل آلے ہوئے تو ہیں



۲۰۰۲

شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں

0 comments:

تبصرہ کیجیے