غزل - مطلوب سرِراہ ہے اک لغزشِ پا اور

منگل, مارچ 28, 2006 عرفان وحید 0 Comments

مطلوب سرِ راہ ہے اک لغزشِ پا اور
بس ایک نظر میری طرف ہوش ربا اور

تکمیلِ ستم ہے کہ یہ تمہیدِ خطا ہے
آغازِ جفا اور نہ انجامِ وفا اور

الفاظ و معانی ہی میں تفریق ہے ورنہ
ہے ان کا کرم اور نہ کچھ ان کی جفا اور

یہ ظلم و ستم، قہر و جفا یوں ہی نیہں ہیں
شاید ابھی حاتم ہیں کچھ اور کوہِ ندا اور

الفاظ سے عاری ہوں مگر دل میں ہیں طوفان
اٹھتے ہیں کبھی یوں بھی مرے دستِ دعا اور

حائل ہوئے جب بھی کبھی راہوں میں مسائل
منزل کی طرف قافلۂ شوق بڑھا اور

آتی رہیں کچھ یوں بھی مرے سر پہ بلائیں
کرتے رہے احباب مرے حق میں دعا اور

بدلا ہوا انداز ہے پھر اپنوں کا عرفانؔ
شاید ابھی باقی ہے کوئی ظلم و جفا اور

1997

شاید آپ کو یہ بھی پسند آئیں

0 comments:

تبصرہ کیجیے